سونا اور نقد رقم تیار رکھیں،کے۔پی۔کے میں چوروں کا گاوں والوں کو خط
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے گاؤں ڈاگئی کے 18 گھرانوں کو مبینہ چوروں کے گینگ کی طرف سے دھمکی آمیز خط موصول ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں چوری کی وارداتیں تو عام طور پر ہوتی رہتی ہیں مگر ضلع صوابی کے گاؤں ڈاگئی میں چور نے واردات کا انوکھا طریقہ واردات اپنایا ہے۔ مبینہ کریمینل گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز خط پورے گاؤں کو بھیجا کیا گیا ہے جس میں چوروں نے نقد رقم اور سونا گھر میں رکھنے کا تقاضا کیا ہے۔
اس خط میں چوروں نے لکھا کہ "کچھ دن پہلے جو چوری کا واقعہ پیش آیا ہے وہ ہم نے کیا ہے۔ اب اگلا نمبر آپ کا ہے۔ اس لیے اپنے گھر کے قیمتی سامان، سونا اور بینک سے رقم نکلوا کر گھر منتقل کریں۔"
خط میں مزید مبینہ چوروں نے دھمکی بھی دی ہے کہ اگر ان کی بات نہ مانی گئی تو جان سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔
دھمکی آمیز خطوط پر نام کے بجائے "متفقہ یار حسین" درج کیا گیا ہے، ڈاگئی گاؤں کے رہائشیوں کو خط موصول ہونے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب پولیس نے خطوط اپنی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
مقامی رہائشی عماد خان نے میڈیا کو بتایا کہ "ایسی دھمکیوں سے ہم نہیں ڈرتے بلکہ اگر کسی نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اگر پولیس عوام کو تحفظ نہیں دے سکتی تو پھر ہم خود اپنے گھروں کی حفاظت کریں گے۔"
انہوں نے کہا کہ گاؤں والوں نے سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک جرگہ بلایا ہے جو صورتحال سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرے گا۔
ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ’اس حرکت سے یہ کوئی بڑا گینگ نہیں لگ رہا بلکہ کسی کی شرارت بھی ہوسکتی ہے، تاہم گاؤں والوں پر بھی شک ہے جو چوری کی وارداتیں کرتے رہتے ہیں۔ ان میں سے کچھ لوگوں کو گرفتار کر کے تفتیش کی جائے گی۔مزید خطوط کی جانچ کے لیے انھیں لیباٹری بھجوایا گیا جہاں فنگر پرنٹس کی بنیاد پر شناخت کا عمل طے کیا جائے گا۔
No comments