اونٹوں کی دوڑ کے مقابلے سعودی ثقافت کا قدیم ترین کھیل جس کا انعام لاکھوں ریال ہوتا ہے
سعودی عرب کی کیمل سپورٹس فیڈریشن کےمطابق رواں برس سعودی عرب میں ہونے والا اونٹوں کی دوڑ کا میلہ اب تک کا دنیا کا سب سے بڑا میگا ایونٹ ہو گا جس کا آغاز یکم اگست سے ہو گا اور ستمبر کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گا۔
طائف شہر میں منعقد ہونے والا یہ میلہ 38 روز تک جاری رہے گا۔ یہ میلہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقد ہوگا جس کا مقصد اونٹوں کی دوڑ کو سعودی ثقافت کے ایک لازمی پہلو کے طور پر دنیا میں فروغ دینا اور قدیم عرب ثقافت سے دنیا کو روشناس کرانا ہے۔
اس میلے کے دوران اونٹوں کی دوڑ کے کم از کم 600 مقابلے ہوں گے جو کہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔سعودی فیڈریشن کے مطابق یہ ایونٹ دنیا کے امیر ترین ایونٹس میں سے ایک ہے جس کا اندراج چارسال قبل گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی ہوا تھا، اور اس کی وجہ یہ تھی معلوم تاریخ میں پہلی مرتبہ اس مقابلے میں حصہ لینے والے 13 ہزار سے زائد اونٹ مقابلے کے لیے موجود تھے۔
No comments